ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹکا اسمبلی انتخابات: گوا کے سرحدی علاقے میں شراب کی دکانوں پر لگے تالے

کرناٹکا اسمبلی انتخابات: گوا کے سرحدی علاقے میں شراب کی دکانوں پر لگے تالے

Sat, 05 May 2018 20:25:25    S.O. News Service

کاروار5؍مئی (ایس او نیوز) کرناٹکا اسمبلی انتخابات کے پیش نظر گوا کے سرحدی علاقوں سے بڑی مقدار میں شراب اسمگل کرنے کے امکانات کو دیکھتے ہوئے محکمہ آبکاری کے افسران نے اس پر قابو پانے کے اقدامات کیے ہیں اور پوری طرح اس پر نظر رکھی جارہی ہے۔

کرناٹکا سے ملنے والی گوا کی جنوبی سرحد میں پانچ کیلومیٹر کے دائرے میں محکمہ آبکاری کی طرف سے بار اینڈ ریسٹورنٹ اور دیگر شراب کی دکانوں میں 4اپریل سے شراب فروخت کرنے پر پابندی لگادی ہے۔چونکہ گوا میں شراب کم قیمت پر دستیاب ہوتی ہے ، اس لئے انتخابات کے پیش نظر گوا سے کاروار، انکولہ ، کمٹہ وغیرہ کی جانب شراب کی اسمگلنگ بڑھ جانے کے امکانات تھے۔اس پر قابو پانے کے لئے گزشتہ دنوں کرناٹکا اور گوا کے محکمہ آبکاری کے افسران نے کاروار میں مشترکہ میٹنگ کی اور فیصلہ کیا گیا کہ کرناٹکا اور گوا کی سرحد کے پاس والے علاقے میں شراب فروخت کرنے پر عارضی پابندی لگادی جائے۔اس علاقے میں بسنے والے گوا کے شہریوں کو شراب کی ضرورت ہونے پر 5کیلومیٹر کے دائرے سے باہر موجود کسی بھی دکان سے 3کوارٹر شراب لانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے لئے بھی خریداری کابل ساتھ میں لانا ضروری ہے۔گوا کے شہری عام طور پر شراب نوشی کے عادی ہیں ، اس لئے یہ نئے احکام ان کے لئے ایک آفت بن گئے ہیں۔اس دوران یہ خبریں بھی مل رہی ہیں کہ سرکاری احکام کے باوجود پابندی والے علاقے میں کچھ دکاندار سامنے سے قفل لگاکر پچھلے دروازے سے شراب فروخت کرنے میں مصروف ہیں۔

جبکہ خود کرناٹکا کے اندر بعض مقامات پر وقت سے پہلے شراب کا ذخیرہ بناکر رکھنے کے لئے شراب دکانوں پرخریداروں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں۔کیونکہ 12مئی کو انتخابات کے پیش نظر 10مئی سے ریاست میں شراب فروخت کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔جسے شرابیوں کی زبان میں ’ڈرائی ڈے‘ کہا جاتا ہے۔اسی بات کو سامنے رکھتے ہوئے گواسے ذخیرہ اندوزی روکنے کے لئے محکمہ آبکاری کے افسرا ن نے پیشگی بندوبست کے طورپرگوا کے سرحدی علاقے میں ایک ہفتے پہلے ہی ’ڈرائی ڈے‘ کا اعلان کردیا اور شراب خانوں اور دکانوں پر قفل لگانا لازمی کردیا۔


Share: